میلبورن: عالمی نمبر ایک سربین ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو آسٹریلیا میں ایک بار پھر ویزا کینسل ہونے کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلین اوپن شروع ہونے سے صرف دو دن پہلے 34 سالہ معروف ٹینس کھلاڑی نوواک جوکوچ کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں حراست میں لیا گیا ہے، جہاں ملک بدری کے خلاف ان کی اپیل پر سماعت بھی ہو رہی ہے۔
گزشتہ روز ویزا کینسل کیے جانے کے بعد آسٹریلیا کے وزیر امیگریشن کا کہنا تھا کہ نوواک جوکووچ نے ویکسین نہیں لگوائی اس لیے وہ کمیونٹی کے لیے خطرہ ہیں۔ اس لیے ان کا ویزا کینسل کیا جاتا ہے۔ جس کے بعد ٹینس سٹار کو دوبارہ حراست میں لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے آسٹریلین اوپن کھیلنے کے لیے سربین ٹینس سٹار میلبورن پہنچے تھے ۔ ویکسین نہ لگوانے پر آسٹریلوی حکومت نے ان کا ویزا کینسل کرکے انہیں گرفتار کرلیا تھا تاہم نوواک جوکووچ نے عدالت سے رجوع کیا جس پر عدالت نے آسٹریلوی حکومت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں آسٹریلیا میں رکنے کی اجازت دے دی تھی اور آسٹریلوی حکومت انہیں جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ قوانین کے مطابق سربین ٹینس سٹار کے پاس عدالت جانے کا راستہ ہے اگر عدالت اب بھی ان کے حق میں فیصلہ کرتی ہے تو وہ 17 جنوری سے شروع ہونے والے ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کرسکیں گے اگر عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تو انہیں واپس لوٹنا پڑے گا۔