وزیراعظم نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا

وزیراعظم نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا
کیپشن: وزیراعظم نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ کابینہ ڈویژن نے استعفی کے منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ندیم افضل گوندل کا بطور معاون خصوصی استعفیٰ منظور کیا گیا۔ ندیم افضل گوندل کے استعفی کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ ندیم افضل گوندل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی روابط تھے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن کے مستعفیٰ ہونے کے معاملے پر حکومتی وزرا متحرک ہو گئے تھے اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ منظور نہ کرنیکی درخواست کی تھی۔ جن وزرا نے وزیراعظم سے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور نہ کرنیکی درخواست کی ہے ان میں فواد چوہدری ، علی زیدی، شیریں مزاری شامل تھے۔ 

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی رابطہ کاری ندیم افضل چن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور ان کے حکومت سے کئی امور پر اختلافات تھے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوایا تھا۔

ندیم افضل چن نے 8 جنوری کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں بے بسی کا اظہار کیا تھا کہ ‘اے بے یارو مددگار معصوم مزدروں کی لاشوں، میں شرمندہ ہوں’۔ 

واضح رہے کہ ندیم افضل چن نے 25 اپریل 2018 کو پاکستان پیپلز پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔ ندیم افضل چن نے 19 اپریل کو بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جہاں انھوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔