اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شاہد حفیظ چوہدری نے ملائیشیا میں پی آئی آئی اے کے طیارے کو ضبط کرنے اور کوالالمپور ہوائی اڈے پر پھنسے مسافروں سے متعلق کہا ہے ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمیشن اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے متعلقہ ملائیشین حکام اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور مسافروں کے لئے پاکستان سفر کے متبادل انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان کو آج رات گئے وہاں سے روانہ کر دیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مسافر ای کے 343 کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ ملائشین حکام نے پاکستان ائر لائن کا بوئنگ طیارہ قبضے میں لے لیا تھا۔ کراچی سے جانے والی پرواز پی کے 895 کراچی سے آج کوالالمپور پہنچی تھی۔ پاکستان ائر لائن نے 2015 میں طیارہ ویتنامی کمپنی سے لیز پر لیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر اقدام اٹھایا گیا اور لیز کی رقم تقریبا 14 ملین ڈالر ہے۔