'کورونا ویکسین کا حصول، وفاقی حکومت نے ابھی تک آرڈر ہی نہیں دیا'

12:50 PM, 15 Jan, 2021

اسلام آباد: عالمی وبا کورونا ویکسین کے حصول کیلئے حکومت پاکستان نے ابھی تک کسی کمپنی کو آرڈر نہیں دیا ہے، اس بات کا انکشاف معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کورونا ویکسین کی گیارہ لاکھ ڈوز کا آرڈر دیا جا چکا ہے۔ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ مارچ تک یہ دوا ملک میں دستیاب ہو جائے۔

تاہم اب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نہ کسی کمپنی کو ویکسین کا آرڈر دیا ہے نہ کسی نے حامی بھری ہے۔ ویکسین کیلئے چینی، روسی اور برطانوی کمپنیز سے بات چیت چل رہی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرز اور دیگر کیلئے جلد از جلد ویکسین لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان نے کورونا کی ویکسین حاصل کرنے کے لیے تاحال کسی کمپنی کو آرڈر نہیں دیا۔ 

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کچھ کمپنیز نے ڈیٹا جمع کرا دیا ہے جبکہ دیگر سے مزید ڈیٹا مانگا ہے۔ سات سے آٹھ کروڑ افراد کو ویکسین لگانی ہے، مکس اینڈ میچ کریں گے۔ ایکسپرٹ کمیٹی اور ڈریپ ویکسینز کی سیفٹی اور ایفی کیسی ڈیٹا کا جائزہ لے رہی ہے۔

مزیدخبریں