کراچی: قومی کرکٹ لیجنڈ شاہد خان آفریدی نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ محمد عامر اور کوچز تنازع پاکستان کرکٹ کی پرانی روایت ہے۔ مستقبل کے حوالےسے بورڈ کو محمدعامر کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔
شاہد خان آفریدی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میرے اور وقار یونس کے تنازعات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے شعیب ملک کو ٹیم میں واپس لانا چاہیے۔
خیال رہے کہ محمد عامر نے حال ہی میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں نظر انداز کیا جا رہا ہے، اس لئے بہتر ہے کہ وہ کھیل کو ہی خیر باد کہہ دیں، وہ اب مزید اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔
محمد عامر کے اس فیصلے کو قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے ذاتی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان باؤلر نے کرکٹ چھوڑ دی ہے، ایسا کہنا درست نہیں ہے، وہ سفید گیند کیساتھ تو اپنا کھیل پیش کر ہی رہے ہیں۔ میرے خیال میں ان پر کوئی بوجھ نہیں تھا۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم میں نمائندگی نہ کرنے کا فیصلہ محمد عامر کا ذاتی ہے۔ ابھی حال ہی میں ایک سیریز میں انہوں نے شرکت کی تھی۔
وقار یونس کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے محمد عامر بھی پھٹ پڑے، ان کا کہنا تھا کہ ایسی سوچ رکھنے والوں کو اللہ تعالیٰ ہدایت دے۔ اس سے قبل دورہ نیوزی لینڈ سے ڈراپ کئے جانے پر انہوں نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
یاد رہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو زمبابوے کیخلاف سیریز اور بعد ازاں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا، اس وجہ سے انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔