لندن: عالمی وبا سے متعلق پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی نئی تحقیق سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس مرض سے صحتیاب83 فیصد لوگوں میں دوبارہ مبتلا ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ تاہم ماہرین نے ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ صحتیاب کچھ افراد کو دوبارہ اس وبا کی جکڑ میں آ سکتے ہیں۔
نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جنھیں وبائی مرض ہو چکا ان میں اکثریت کو کم ازکم 5 ماہ تک دوبارہ یہ لاحق نہیں ہوتا۔ دوسری جانب دنیا بھر سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران میں وبائی مرض سے مزید 81، جرمنی میں 855، سپین میں 201، اٹلی میں 522، ترکی میں 170، فرانس میں 282، امریکا 2488، روس میں 570 اور بھارت میں 159 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
اموات میں حالیہ اضافے سے ایران میں مجموعی طور پر 56 ہزار 538، جرمنی میں 45 ہزار 259، سپین میں 53 ہزار 79، اٹلی میں 80 ہزار 848، ترکی میں 23 ہزار 495، فرانس میں 69 ہزار 313 اور امریکا میں 3 لاکھ 96 ہزار 421 افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔
دنیا بھر میں وبائی مرض سے 6 کروڑ 65 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 32 لاکھ سے زائد جبکہ 19 لاکھ 95 ہزار سے زائد کی اموات ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کے وار جاری ہیں۔ وبائی مرض کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے۔ طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ دنیا کو تیسری لہر کا بھی سامنا کرنا پڑے کیونکہ وبا کے جراثیم بار بار اپنی ہیت کو تبدیل کر رہے ہیں۔ دنیا بھر کے ماہرین اس کے تدارک کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔