اسلام آباد:سبز پتوں والی سبزیاں جگر کی خطرناک بیماری فیٹی لیور کے لیے انتہائی مفید ہوتی ہیں تو دوسری طرف دل کے امراض کے لیے بھی سود مند ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ،سبزیوں میں نائٹریٹ کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جو جگر کی حفاظت کرتی ہے۔ ایک طرف نائٹریٹ دل کی بیماری کے لیے مفید ہے تو دوسری جانب جگر کی جملہ بیماریوں سے بھی نجات دیتی ہے، سبز پتوں والی سبزیاں جن میں پالک، سلاد اور پھول گوبھی شامل ہے ان میں نائٹریٹ پایا جاتا ہے جس کے بہت سے فوائد ہیں ۔
سویڈن میں واقع کیرولِنسکا انسٹی ٹیوٹ کے سائنس دانوں نے سبز پتے والی سبزیوں میں موجود نائٹریٹ کے بارے میں تحقیق کے بعد کہا ہے کہ اس کے باقاعدہ استعمال سے جگر میں چربی بہت حد تک کم ہوسکتی ہے۔
اس تحقیق کے لیے ماہرین نے چوہوں کے تین گروپس پر مختلف تجربات کیے، پہلے گروپ کو معمول کے مطابق خوراک دی گئی دوسرے گروپ کو صرف چکنائیوں سے بھری اور تیسرے گروپ کو چکنائیوں سے بھری خوراک کے ساتھ نائٹریٹ کے کیپسول دئیے گئے۔تحقیق سے ثابت ہوا کہ زیادہ چکنائی اور شوگر سے بھرپور غذائیں کھانے والے چوہوں کو نائٹریٹ دیا گیا تو ان کے جگر میں چربی کی مقدار کم ہونے لگ گئی۔