اسلام آباد :پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ سندھ حکومت کا غبارہ پھوڑ نے پر کوئی اعتراض نہیں‘جب چاہیں اپنا شوق پورا کریں ‘پھر وفاقی حکومت بھی بچا کردکھائیں ‘ جس دن پیپلز پارٹی نے چاہا ‘ اس دن وفاقی حکومت بچانا ممکن نہیں رہے گا۔
منگل کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم چاہتے تو یہ حکومت کیا ؟یہ اسمبلی وجود میں نہ آئی‘ فواد چودھری سارے جہان میں جا کر منہ مارنے کے بعد آج عمران خان کے ترجمان بنے ہیں تو یہ ایک دن عمران خان کوبھی گالیاں دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جس دن پیپلز پارٹی نے چاہا ‘ اس دن وفاقی حکومت بچانا ممکن نہیں رہے گا‘ ہم جانتے ہیں کسی بھی حکومت کو چاہے وہ وفاقی ہو یا صوبائی اس کو ڈسٹرب کرنے سے سارانظام خراب ہوتاہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کی گفتگو ہمیشہ تلخی پیدا کرتی ہے‘ وہ غیر سنجیدہ گفتگوکرتے ہیں‘میں ان کی باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا‘ ان کی گفتگو سن کر ہمیشہ افسوس ہوتاہے ‘ سندھ حکومت کا غبارہ پھوڑنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ‘ یہ جب چاہیں اپنا شوق پورا کرلیں اورپھر اپنی حکومت بھی بچاکر دکھائیں۔
پیپلز پارٹی کے لوگوں کو جو رابطے کرتے ہیں‘ سامنے لے آئیں‘ یہ صرف بھڑکیں مار رہے ہیں‘ کرکچھ نہیں سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اصولی باتیں کرنے والے کہتے ہیں کہ جب چاہیں غبار ہ پھوڑ دیں ‘بغیر ثبوت کے ٹھگ اور چور کہا جاتا ہے ۔