آج رات 12 بجے مسروقہ، غیر استعمال شدہ فون بند کر دیئے جائیں گے

 آج رات 12 بجے مسروقہ، غیر استعمال شدہ فون بند کر دیئے جائیں گے
کیپشن: جو موبائل فون چھینے یا چوری کیے جائیں گے انہیں پی ٹی اے فوری بلاک کر دے گا۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق آج رات 12 بجے تمام مسروقہ، غیر استعمال شدہ فون بند کر دیئے جائیں گے۔

پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق آج رات 12 بجے تک استعمال ہونے والے موبائل فون کار آمد ہوں گے اور اس کے علاوہ تمام اسمگل شدہ، چوری یا چھینے گئے موبائل فونز بند کر دیئے جائیں گے۔

پی ٹی اے کی ترجمان طیبہ افتخار کے مطابق وہ موبائل فون جو چوری شدہ یا چھینے گئے ہیں اور ان کی رپورٹ پی ٹی اے کو کی گئی ہے یا آج کے بعد جو موبائل فون چھینے یا چوری کیے جائیں گے انہیں پی ٹی اے فوری بلاک کر دے گا یا سراغ لگا کر استعمال کرنے والے سے موبائل فون کے اصل مالک کو واپس کرنے کو کہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی اے نے اس سلسلے میں ایک واضح نظام وضع کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل موبائل فونز کی تصدیق کے لیے پی ٹی اے نے 20 اکتوبر 2018 کی ڈیڈ لائن دی تھی، جسے بعدازاں 15 جنوری تک بڑھا دیا گیا تھا۔