غیر ملکی فنڈنگ کیس، (ن) لیگ نے مہلت مانگ لی

غیر ملکی فنڈنگ کیس، (ن) لیگ نے مہلت مانگ لی

اسلام آباد: غیر ملکی پارٹی فنڈنگ سے متعلق پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا جب کہ مسلم لیگ (ن) نے حتمی جواب کے لئے مہلت مانگ لی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وکیل جہانگیر جدون پیش ہوئے اور انہوں نے غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی. وکیل نے کہا کہ ہمارا جواب تیار ہے اور آئندہ سماعت پر جمع کرا دیں گے۔ کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کو غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب 22 جنوری تک جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 20 جنوری تک جواب کی کاپی تحریک انصاف کو فراہم کی جائے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ نے غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب جمع کرا دیا اور موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی غیر ملکی پارٹی فنڈنگ نہیں لی. تحریک انصاف کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 22 جنوری تک کے لئے ملتوی کر دی اور اسی روز دونوں جماعتوں کی جانب داخل کیے جانے والے جوابات پر دلائل کا آغاز ہو گا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں