لاہور: پاکستان کے حالیہ کروز میزائل کے کامیاب تجربے اور میزائل ٹیکنالوجی کی بڑھتی صلاحیتوں نے اوباما انتظامیہ کو پریشان کردیا،امریکہ نے میزائل پروگرام سے منسلک50کمپنیوں اور افراد کی سخت نگرانی شروع کردی۔انٹرنیشنل بزنس ٹائمز کے مطابق امریکہ نے گزشتہ ہفتے اس حوالے سے 7کمپنیوں کو بلیک لسٹ بھی کیا ہے ۔اخبار نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستانی میزائلوں کی بڑھتی رینج اور ان کی مختلف نوعیت کی صلاحیتوں نے اوباما انتظامیہ کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔ادھر امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے جوہری سلامتی سے متعلق ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان،روس اور شمالی کوریا کی الٹی چالوں سے جوہری جنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے علاقائی تنازعات میں ایٹم بم کے استعمال کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے نئی آنیوالی ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان خطرات سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کرے ۔بائیڈن نے کہا کہ اوباما انتظامیہ نے اس حوالے سے بھر پور کوششیں کی ہیں۔