گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے دو چینی بحری جہازوں کی آمد

09:44 AM, 15 Jan, 2017

گوادر: پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سمندری راستے کی حفاظت کیلئے چین نے دو بحری جہاز پاکستان نیوی کے حوالے کردیے۔

دونوں بحری جہاز چین میں تیار کیے گئے ہیں اور انھیں جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے جبکہ دونوں بحری جہاز پاکستان نیوی کے دستے کا حصہ ہوں گے۔

گوادر پہنچنے والے چینی حکام نے ایک تقریب کے دوران دونوں بحری جہاز پاکستانی ہم منصب کے حوالے کیے۔

پاکستان فلیٹ کے کمانڈر وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے چین سے آنے والے دونوں بحری جہازوں ہنگول اور باسول کو وصول کیا۔

تقریب میں پاکستان میری ٹائمز سیکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل جمیل اختر، کمانڈر ویسٹ کموڈور محمد وارثی اور اعلیٰ نیوی اور سول حکام بھی شریک تھے۔

مذکورہ بحری جہازوں کی آمد سے نیوی کے مزید مضبوط ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے وائس ایڈمرل کا کہنا تھا کہ 'چینی جہاز آج سے پاکستان نیوی کا حصہ ہیں'۔

اس کے علاوہ چینی حکومت پاکستان نیوی کو مزید دو بحری جہاز دشت اور زوب بھی فراہم کرے گی، ان بحری جہازوں کی تکیمل کا کام چین میں جاری ہے اور اسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سی پیک کے زمینی اور بحری راستے کے تحفظ کیلئے چین، پاکستان کی مدد اور تعاون میں مزید اضافہ کررہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے اقتصادی راہداری منصوبے کے زمینی راستے اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے ایک نیا آرمی ڈویژن بھی قائم کردیا ہے۔

خیال رہے کہ گوادر شہر کی سیکیورٹی سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے دور میں نئے آرمی ڈویژن کے حوالے کردی تھی۔

تقریب سے خطاب کے دوران وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری ایک حقیقت ہے، یہ پاکستان اور چین کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور پورا خطہ اس سے فائدہ حاصل کرسکے گا۔

انھوں نے کہا کہ 'راہداری منصوبے کے ذریعے سے بلوچستان میں ترقی کے نیا دور کا آغاز ہوگا اور یہ یہاں کے نوجوانوں کیلئے ہزاروں نوکریا بھی فراہم کرے گا'۔

انھوں نے چین کے بحری جہازوں کا پاکستان نیوی کا حصہ بننے کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بحری جہاز گوادر پورٹ کی سیکیورٹی اور سی پیک کے سمندری راستے کی حفاظت کیلئے تعینات کیے جائیں گے۔

وائس ایڈمرل کا کہنا تھا کہ 'یہ پاکستان اور اس کے عوام کیلئے آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پہلی مرتبہ اس قسم کے بحری جہاز پاکستان نیوی میں متعارف کرائے جارہے ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ بلوچ نوجوان پاکستان نیوی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں تاکہ ملک اور اس کے لوگوں کی خدمت کرسکیں

مزیدخبریں