سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ: سرکاری ملازمتوں کے لیے عمر کی حد میں 5 سال تک کی توسیع

09:42 PM, 15 Feb, 2025

کراچی: سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمتوں کے لیے عمر کی حد میں توسیع کی منظوری دیدی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، قائم مقام چیف سیکرٹری مصداق خان اور دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔

کابینہ نے سندھ سول سرونٹس (عمر کی بالائی حد میں نرمی) کے قوانین کی منظوری دی ہے۔ اس کے مطابق، سرکاری ملازمین جو 2 سال کی مسلسل سروس مکمل کر چکے ہوں، وہ پانچ سال تک کی عمری رعایت کے اہل ہوں گے۔ عام امیدواروں کو انتظامی محکمہ کی طرف سے دو سال اور سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ (SGA&CD) کی طرف سے پانچ سال تک کی رعایت دی جائے گی۔

خصوصی افراد، بیواؤں، طلاق یافتہ خواتین اور ویڈو/چلڈرن ڈیزیز سول سرونٹس (جن کے والدین دورانِ سروس فوت ہوئے ہوں) کو بھی پانچ سال تک کی عمری رعایت دی جائے گی۔ تاہم، رعایت حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندگان کو متعلقہ دستاویزات، جیسے ڈیتھ سرٹیفکیٹ یا طلاق نامہ، پیش کرنا ہوگا۔

کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ عام امیدواروں کو عمر میں رعایت مجبوری اور معقول جواز کی بنیاد پر دی جائے گی۔ ان وجوہات میں طبی مسائل، والدین یا شریک حیات کا انتقال، قدرتی آفات، تقرریوں میں تاخیر، بھرتیوں پر پابندی اور دیگر اہم وجوہات شامل ہیں۔ ان معاملات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

یہ عمری رعایت تمام محکموں پر لاگو ہوگی، سوائے پولیس اور سندھ پبلک سروس کمیشن (SPSC) کے زیر اہتمام منعقدہ مشترکہ مسابقتی امتحان (CCE) کے۔ یہ نرمی 1 جنوری 2025 سے 31 دسمبر 2026 تک دو سال کی ابتدائی مدت کے لیے نافذ العمل رہے گی۔

کابینہ نے سندھ سول کورٹس (ترمیمی) بل 2025 اور سندھ یونیورسٹیز اینڈ انسٹی ٹیوٹز لاز (ترمیمی) بل پر بھی غور کیا، جنہیں گورنر سندھ نے اعتراضات کی بنیاد پر واپس بھیجا تھا۔ کابینہ نے ان بلز کی دوبارہ منظوری دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کابینہ کو بتایا کہ یہ اقدامات سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دہندگان کو سہولت فراہم کرنے اور بھرتیوں میں تاخیر کو کم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں