ہیوی ٹریفک کی لین خلاف ورزی پر سخت کارروائی کے احکامات جاری

09:37 PM, 15 Feb, 2025

لاہور: ڈی آئی جی موٹروے پولیس سید فرید علی نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ لین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوور لوڈڈ اور لین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو قومی شاہراہوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، ڈی آئی جی موٹروے پولیس نے سیکٹر ملتان اور رحیم یار خان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران کے مسائل سنے اور فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ آپریشنل میٹنگ میں سیکٹر کمانڈرز نے بریفنگ دی، جس کے بعد ڈی آئی جی نے افسران کو ہدایات جاری کیں۔

ڈی آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کی لین خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے حادثات پر قابو پانے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو محفوظ سفر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سید فرید علی نے افسران کی کارکردگی کو سراہا اور مزید بہتری کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے تاکہ شاہراہوں پر حادثات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں