اسلام آباد:بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان میں قیام کے دوران ضروری ملاقاتوں اور اہم امور پر بریفنگ لینے کے بعد واپس روانہ ہوگیا۔ وفد نے مختلف وزارتوں اور حکام کے ساتھ گورننس اور احتساب کے شعبوں میں بہتری لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایم ایف ٹیم کو فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں مشکوک مالی ترسیلات، تحقیقات اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام پر بات چیت کی گئی۔
وفد نے آڈیٹر جنرل پاکستان سے بھی ملاقات کی اور آڈٹ کے عمل پر سوالات اٹھائے، جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات میں قانونی اور عدالتی امور پر بات کی گئی۔ ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کا وفد مارچ کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرے گا۔
آئی ایم ایف کا وفد ضروری ملاقاتوں کے بعد واپس روانہ، مارچ میں دوبارہ پاکستان کا دورہ متوقع
