پی ٹی آئی کوجتوانے کیلئے ہمیں ہرایا گیا، عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھا، جنرل باجوہ اور جنرل فیض نے سب کو اکٹھا کرکے کہا عدم اعتماد لائیں: مولانا فضل الرحمن

08:58 PM, 15 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ 2024کے الیکشن چوری ہوئے ہیں کسی سے کچھ پوشیدہ نہیں۔ انتخابات میں دھاندلی کیخلاف سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاجی سیاست ہو گی۔ سڑکوں کو گرمائیں گے۔2018میں بھی دھاندلی ہوئی تھی اور اب بھی دھاندلی ہوئی ہے،الیکشن میں دھاندلی کا فائندہ مسلم لیگ ن کو ہوا۔ 

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا فائندہ مسلم لیگ ن کو ہوا، تاثر موجود ہے کہ نواز شریف کو لاہور کی سیٹ دی گئی ہے، پی ٹی آئی کیخلاف عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھا، پی ٹی آئی کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیپلزپارٹی چلا رہی تھی، جنرل(ر)فیض حمید میرے پاس آئے اور کہا جو کرنا ہے سسٹم کے اندر رہ کر کریں۔ 

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر میں عدم اعتماد سے انکار کرتا تو کہا جاتا کہ مولانا نے بانی پی ٹی آئی کو بچایا، عدم اعتماد سے متعلق جنرل (ر) فیض اور جرنل(ر)قمرجاویدباجوہ ہمارے ساتھ رابطے میں تھے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ دماغ کا فرق ہے جو ختم ہوسکتا ہے، اسمبلی میں ہم تحفظات کے ساتھ جارہے ہیں، اگر اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوئے ہیں تو9مئی کا بیانیہ دفن ہوگیا۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے میرا کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ پارلیمان میں فیصلے اور پالیسیاں کہیں اور سے آئینگی ۔ آئندہ پارلیمان پی ٹی آئی والے دور سے زیادہ ہائبرڈ پلس ہوگا،موجودہ پارلیمنٹ کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا۔  ن لیگ نے 66سیٹوں کے ساتھ ملک بچانےکیلئے حکومت لینے کا اعلان کیا، یہ پارلیمان چلنے والا پارلیمان نہیں ہو گا سیاسی اور معاشی عدم استحکام ہو گا۔ ہمارا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی کیلئے ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی۔ 

مزیدخبریں