اسلام آباد ہائی کورٹ میں این اے 128 لاہور میں عون چوہدری کی کامیابی کیخلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔
ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ ے چیف جسٹس عامر فاروق نے این اے 128 لاہور میں عون چوہدری کی کامیابی کیخلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس عامر فاروق کا ڈی جی لا الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ ارشد صاحب مجھے یقین ہے کہ کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے پہلے آپ سے مشورہ نہیں کیا ہوگا ، الیکشن کمیشن کے سامنے ان کی درخواست التوا میں ہے تو پہلے فیصلہ کرلیتے۔الیکشن کمیشن ان کی درخواستیں سن کر اگر ان کے حق میں فیصلہ کردیتا ہے تو ؟
ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ تو کمیشن اپنی تصحیح کرے گا۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے دوران سمارت کہا کہ عدالت کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے کیس میں کانسالیڈیشن ہوئی ہی نہیں ہے، الیکشن کمیشن کی معصومیت دیکھیں کہ پہلے نوٹیفکیشن جاری کیا اور پھر خود ہی اسے معطل کردیا۔
چیف جسٹس نے دوران سماعت استفسار کیا کہ جب لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ درخواست گزار کو نوٹس جاری کرکے کانسالیڈیشن کریں، تو کیا ایسا ہوا ؟
جس پر ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ یہ میرے علم میں نہیں ،میں معلوم کرکے بتا سکتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کمیشن سے ہدایات لے لیں، پھر اس کیس کو دو بجے کے بعد رکھ لیتے ہیں۔
دو بجے کے وقفے کے بعد ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہم کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں۔پہلے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر فیصلہ ہو گا۔
جس پر وکیل سلمان اکرم راجہ نےسوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن فارم 49 کو بھی واپس لے رہے ہیں ؟ ۔ عدالت نےا سلمان اکرم راجہ کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ باقی معاملات آپ الیکشن کمیشن جاکر کہیے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سلمان اکرم راجہ کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ کی درخواست الیکشن کمیشن میں زیرِالتوا ہے، وہاں جائیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے مزید ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن پہلے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔
یاد رہےکہ سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے آج جواب طلب کر رکھا تھا۔