مراد سعید، علی امین گنڈا پور، حماد اظہر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم

10:59 AM, 15 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اشتہاری ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف رہنماؤں حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، فرخ حبیب، مراد سعید، علی امین گنڈا پور، اعظم سواتی اور عندلیب عباسی کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دے دیا۔ 

عدالت کی جانب سے جاری کردہ حکم کے مطابق سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے دو رہائشی پلاٹس اور ایک بینک اکاؤنٹ، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی پانچ زرعی زمینیں، فرخ حبیب کے چار بینک اکاؤنٹس، ایک رہائشی جائیداد اور ایک بیمہ پالیسی، مراد سعید کے دو بینک اکاؤنٹس اور ایک گاڑی قرق ہو گی۔

 انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈاپور کی 3 زرعی زمینیں، ایک رہائشی جائیداد، پانچ بینک اکاؤنٹ، دو گاڑیاں اور 35 گھوڑے بھی قرق کرنے کا حکم دیا۔


اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کی دو زرعی زمینیں، دو رہائشی جائیدادیں، پانچ بینک اکاؤنٹس، ایک گاڑی، تین پلاٹ، فلیٹ، سواتی انٹرپرائزز  میں 51 فیصد شیئرز، امریکا اور دبئی میں موجود جائیدادیں بھی قرق کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ عندلیب عباس کی دو رہائشی جائیدادیں، تین بینک اکاؤنٹس اور دو گاڑیاں بھی قرق کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں