اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو پنجاب میں انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب میں منحرف اراکین کی ڈی سیٹ ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اب تو پنجاب اسمبلی میں بحالی کی بات ہی ختم ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا حکم ہائیکورٹ نے دیا ہے اس پر کیا کر رہے ہیں؟
الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاءنے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب کے ساتھ الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہوا، گورنر پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا کہا ہے۔
اس پر جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کیلئے مشورے کیوں کر رہا ہے؟ کیا آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات سے پہلے گورنرز سے مشاورت کا پابند کرتا ہے؟
ڈی جی لاءنے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ نے اگر یہ حکم دیا ہے تو اسی پر عمل کریں۔ بعدازاں عدالت نے منحرف اراکین کی درخواستیں ہونے پرخارج کردیں۔