اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات کی تاریخ کیلئے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جو تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کی تاریخ دینے سے متعلق اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے موجودہ آئینی بحران پر اعلیٰ عدلیہ سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے سے متعلق فیصلے کے حوالے سے الیکشن کمیشن اجلاس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے سے متعلق قانونی و آئینی آپشنز پر غور کیا گیا اور دونوں صوبوں کے الیکشن شیڈول سے متعلق مشاورت کی گئی۔