کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دیدی ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ ٹام کوہلر کیڈمور نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 50 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 92 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے 46 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث 10، صائم ایوب 1، بھانوکا راجاپاکسا 6، جیمی نیشام 16 اور شکیب الحسن 1 رنز بنا سکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے اینڈریو ٹائی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کی جبکہ میر حمزہ، عمران طاہر اور بین کٹنگ نے بھی ایک ،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا سکی اور عماد وسیم کے عمدہ 80 رنز بھی کسی کام نہ آ سکے۔ عماد وسیم نے 47 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے اور شعیب ملک نے 34 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ میتھیو ویڈ 23، حیدر علی 12، قاسم اکرم 7 اور بین کٹنگ 9 رنز بنا سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے جیمی نیشام سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان ارشاد ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، حیدر علی، شعیب ملک، میتھیو ویڈ، قاسم اکرم، بین کٹنگ، اینڈریو ٹائی، محمد عامر، عمران طاہر اور میر حمزہ شامل تھے۔
پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، بھنوکا راجاپاکسا، ٹام کوہلر کیڈمور، شکیب الحسن، جیمی نیشام، وہاب ریاض، سلمان ارشاد، سفیان مقیم اور خرم شہزاد شامل تھے۔