پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کی بازگشت ، عثمان بزدار کا اہم فیصلہ 

06:19 PM, 15 Feb, 2022

لاہور :ملکی سیاسی صورتحال میں جہاں اس وقت ہلچل مچی ہوئی ہے وہیں اپوزیشن کی طرف سے پنجاب اور وفاق میں تحریک عدم اعتماد کا بھی خوب شور شرابا ہے ،ایسے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی محاذ سنبھال لیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے محاذ سنبھال لیا ہے جس کیلئے حکومتی سطح پر حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ،اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کرینگے اور مسائل حل کرائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے جہانگیر ترین گروپ کے اراکین سے بھی ملاقات کا فیصلہ کر لیا ہے ،دوسری جانب اپوزیشن کے رابطوں میں بھی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔

پنجاب میں اس وقت اپوزیشن بینچوں پر موجود اراکین اسمبلی ہوں یا حکومتی بینچوں پر موجود اراکین اسمبلی ، اس وقت سب کے عزت و احترام اور مقام کا خوب خیال رکھا جا رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب ہم خیال گروپ کے تمام اراکین پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کریں گے اور ان کے  تمام مسائل کو حل کروائیں گے ،اس وقت بیوروکریسی ،تمام افسران کو اراکین اسمبلی کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کروانے کی احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ۔

مزیدخبریں