لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں شریک اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے انجری سے جلد صحت یابی کیلئے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے 21 میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو صرف ایک سکور سے شکست دی۔
میچ کا نتیجہ تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے حق میں رہا مگر اس کے کپتان شاداب خان اور فاسٹ باؤلر ذیشان ضمیر انجری کا شکار ہو گئے اور لیگ سپنر کی عدم موجودگی میں آصف علی نے کپتانی کے فرائض سرانجام دئیے۔
شاداب خان نے اپنے بیان میں مداحوں کو انجری سے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے اپنی ٹیم پر فخر کا اظہار کیا اور سب کھلاڑیوں اور ٹیم ممبران کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ابھی تک انجری کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، برائے مہربانی میرے اور میری ٹیم کیلئے دعا کریں۔
Thank you my team @IsbUnited. I am very proud of you all. Unfortunately I don’t know the extent of my injury yet. Please pray for me and my team. #UnitedWeWin
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) February 14, 2022
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے انگلش بلے باز ایلکس ہیلز بھی ذاتی مصروفیات کے باعث پی ایس ایل 7 کے بقہ میچز نہیں کھیلیں گے جبکہ کولن منرو بھی انجری کا شکار ہیں جن کا آج معائنہ کیا جائے گا۔ وہ کچھ روز قبل ٹریننگ سیشن کے دوران دائیں بازو کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔