لاہور: پاکستان کے دورے پر موجود جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر بھی پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کے معترف ہو گئے جن کا کہنا ہے کہ یہاں ہم نے خود کو جنوبی افریقہ سے بھی زیادہ محفوظ سمجھا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور یہاں سب کچھ ایک خواب کی مانند لگا بلکہ اگر میں سچ کہوں تو ہم نے یہاں خود کو جنوبی افریقہ سے بھی زیادہ محفوظ سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان شاندار تھا اور ہم نے بہت کچھ سیکھا، یہاں ریورس سوئنگ اور گیند کا سپن ہونا متوقع تھا، محمد رضوان نے دونوں فارمیٹ میں بہتر کھیل پیش کیا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ لڑکوں کو جنوبی افریقہ کے خلاف نٰڈر ہو کر کرکٹ کھیلنےکی ہدایت کی تھی کیونکہ اگر آپ خوف سے باہر نکل کر کرکٹ کھیلیں تو کئی اتار چڑھاؤ آتے ہیں، تمام کھلاڑیوں کو بتا دیا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے، محمد رضوان نے اپنی شاندارکارکردگی سے ثابت کیا کہ اچھی فارم کا تسلسل کیسے برقرار رکھا جاتا ہے۔
بشکریہ (نئی بات)
جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں ناقص کارکردگی سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ انجری سے واپس آتے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا آسان نہیں ہوتا لیکن اس کے باوجود بھرپور محنت جاری رکھے ہوئے ہوں اور پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے کھوئی ہوئی فارم حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔