کراچی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت بحر ہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کر رہا ہے اور جارحانہ عزائم کے تحت ہتھیاروں کے جدید نظام اور بحری تنصیبات کی منتقلی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
عالمی بحری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا بحر ہند میں باہمی تعاون کی بھر پور صلاحیت موجود ہے لیکن بعض ملکوں کی جانب سے جغرافیائی تزویراتی مقابلہ بازی اور فوجی غلبہ کے حصول نے اس صلاحیت کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پیش رفتوں کی روشنی میں پاکستان اپنی سلامتی اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا ۔ انتہا پسند ہندوتوا سوچ کے زیر اثر بھارت کے جنگی جنون اور جارحانہ پالیسوں نے عالمی وعلاقائی امن وسلامتی کے لئے فوری اور دائمی خطرات لاحق کر رکھے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں کسی قسم کا فوجی تنازعہ خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بلیو اکانومی کو علاقائی معاشی ترقی کا محور و مرکز بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ عالمی بلیو اکانومی 24 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی صلاحیت کی حامل ہے۔ پاکستان دنیا کے سمندروں کو محفوظ بنانے کی اہمیت کا ادراک رکھتا ہے اور اس نیک مقصد کیلئے تمام دوست ممالک جبکہ دنیا بھر میں پارٹنرز کیساتھ تعاون اور اشتراک عمل کیلئے تیار ہیں۔