پشاور: :صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق صوبائی وزیر عاطف خان کے درمیان موجودہ اختلافات دور ہو گئے ہیں اور ان کے درمیان صلح ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان صلح کرانے میں بنیادی کردار گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ادا کیا ہے اور صلح ہونے کے بعد دونوں رہنماوں کی وزیراعظم عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں اکٹھے چلنے پر اتفاق کیا گیا اور پرانے گلے شکوے بُھلانے کا بھی وعدہ ہوا۔
سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے اس حوالے سے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کے ساتھ تمام اختلافات ختم ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سابق وزیر عاطف خان کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عاطف خان کو سلطان محمد خان کی جگہ صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ سلطان محمد خان نے سینیٹ انتخابات 2018 سے قبل کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اپنے منصب سے استعفیٰ دیا اور وہ صوبائی وزیر قانون کی حیثیت سے کابینہ کا حصہ تھے۔
26 جنوری 2020 کو موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے خلاف گروپنگ کے الزام میں عاطف خان، شکیل خان اور شہرام ترکئی کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا تھا۔
صوبائی کابینہ سے برطرف کیے جانے والے وزرا کے پاس کھیل و ثقافت، صحت اور محصولات کے قلمدان تھے۔ شہرام ترکئی کے ساتھ ہونے والے اختلافات پہلے ہی ختم کر لیے گئے تھے۔ تینوں صوبائی وزرا کی برطرفی کی سمری پر دستخط بھی موجودہ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کیے تھے۔