اے سی سی اے میں دنیا میں سب سے زیادہ نمبر لینے والی زارا نعیم کون ہیں؟

06:17 PM, 15 Feb, 2021

لاہور : پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی طالبہ زارا نعیم کو دسمبر 2020 میں ہونے والے اے سی سی اے کے امتحان میں سب سے زیادہ نمبر لینے پر گلوبل پرائز ونر قرار دیا گیا ہے۔

سکینز اسکول آف اکاؤنٹینسی کی طالبہ زارا نعیم نے فنانشنل رپورٹنگ کے امتحان میں اے سی سی اے کے تمام طلبہ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے۔

خیال رہے کہ اکاؤنٹینسی کے شعبے میں اے سی سی اے کی تعلیم کو عالمی معیار تصور کیا جاتا ہے اور دنیا کے 179ممالک میں اسے تسلیم کیا جاتا ہے۔

ملک کا نام روشن کرنے پر حکومت پاکستان کی جانب سے بھی زارا نعیم کی کامیابی کو سراہا گیا ہے اور انہیں مبارکباد دی گئی ہے۔

حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'پاکستان کو فخر ہے کہ زارا نعیم کو اے سی سی اے میں سب سے زیادہ نمبر لینے پر گلوبل پرائز ونر قرار دیا گیا ہے'۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے بھی ٹوئٹ میں کہا کہ دنیا بھر میں اے سی سی اے امتحان میں ٹاپ کرکے زارا نعیم ڈار قوم کا فخر بن گئی ہیں۔

زارا نعیم نے اپنی کامیابی کی وجہ اپنے والد کو قرار دیا ہے جو ہمیشہ خاندان کی تمام لڑکیوں کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور مصنوعی رکاوٹوں کو توڑنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

ان کے والد نے ماسٹرز تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور وہ ماضی میں فوج میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے بچے ملک کا نام روشن کریں۔

زارا نعیم نے کہا کہ 'میرے والد میرے لیے رول ماڈل ہیں، میں انہیں فوج میں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے دیکھا جس سے متاثر ہوکر میں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی کوشش کی '۔

اے سی سی اے کا انتخاب کرنے پر زارا نعیم نے کہا کہ یہ میرا فطری انتخاب تھا، اکثر فوجی خاندان چند سالوں بعد دوسری جگہ منتقل ہوجاتے ہیں تو میں ہمیشہ سے جانتی تھی کہ مجھے ایک ایسی تعلیم کی ضرورت ہے کہ عالمی سطح پر کہیں بھی جایا جاسکے۔ اس مفروضے کو ختم کرنا چاہتی تھیں کہ فنانس اور اکاؤنٹینسی مردوں کے لیے ہے۔

مزیدخبریں