اسلام آباد : وزارت داخلہ نے نئی ویزا پالیسی جاری کردی ہے جس میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے قلیل المدتی ویزا کو سیکیورٹی کلیئرنس سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق غیرملکیوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 3 ماہ تک کا میڈیکل ویزا درخواست کے 48 گھنٹے میں جاری کیا جائے گا۔
قلیل المدتی ویزا کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس لازمی نہیں ہو گی اور استثنیٰ دے دیا گیا ہے البتہ درخواست دینے والے کے حوالے سے حساس اداروں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایف بی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق سیکیورٹی ایجنسیوں سے کلیئرنس ملنے کے بعد ہی وزارت داخلہ 30روز میں 1سالہ مدت کے میڈیکل ویزا کے اجرا کی منظوری دے گی۔
اسلام آباد: ایک سالہ میڈیکل ویزا کے لیے متعلقہ ہسپتال کا لیٹر بھی لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن ان ہسپتالوں کی فہرست فراہم کرے گی جس سے علاج کرایا جا سکے گا۔
اس سلسلے میں کہا گیا کہ تین ماہ تک کے ورک ویزا کی درخواستوں پر فیصلہ 48 گھنٹے میں ہو گا اور قلیل مدتی ورک ویزا سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط نہیں ہو گا ۔
البتہ اس کے لیے معاہدہ ملازمت، سی وی، کمپنی لیٹر، پروفائل اور مذکورہ کمپنی کی سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا۔
تین ماہ کیلئے جاری ابتدائی ورک ویزے میں 2 سال تک کی توسیع ہو سکے گی تاہم سیکیورٹی ایجنسیز سے کلیئرنس کے بعد ہی وزارت داخلہ درخواست کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔