اٹھارہ محکموں کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھیں گی، وفاقی حکومت کا فیصلہ

01:49 PM, 15 Feb, 2021

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے محکموں کے ملازمین جو پہلے سے ہی اضافی الاؤنس حاصل کر رہے ہیں، ان کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے، پارلیمانی افیئر ڈویژن، آئی بی، اے ایس ایف، موٹروے پولیس، اسلام آباد پولیس، اعلیٰ عدلیہ، قومی احتساب بیورو، محکمہ صحت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، سینیٹ، قومی اسمبلی، ایوان وزیر اعظم اور ایوان صدر کے ملازمین کی تنخواہوں میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایسے تمام سرکاری ملازمین جن کو پہلے سے ہی سو فیصد ایڈہاک کی صورت میں ریلیف دیا جا رہا ہے، انھیں کسی قسم کا کوئی فائدہ نہیں دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں وفاقی ملازمین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مطالبات کے حق میں شدید احتجاج کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مشتعل ملازمین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔ صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے ملازمین کیساتھ مذاکرات کیلئے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے معاملات طے کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے تمام ملازمین جنھیں پہلے سے ہی اضافی الاؤنس کی مد میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان کی تنخواہوں میں ہرگز کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں 18 محکموں کے ملازمین کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

خبریں ہیں کہ ان 18 محکموں کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ نہ بڑھانے کی سمری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی اور وہاں سے منظوری کے بعد اسے نافذ العمل کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں