لاہور:پاکستان کے معروف ترین گلوکار ابرار الحق نے علی سد پارا کا خواب پورا کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف ترین کوہ پیما علی سد پارا کے ٹو مہم کے دوران ابھی تک لاپتہ ہیں ۔ کے ٹو وِنٹر مہم کے دوران علی سدپارا اور دو ساتھی گزشتہ ہفتے سے لاپتہ ہیں ، پاکستان آرمی نے علی سد پارا ان کے ساتھیوں کی تلاش کے لیے تاریخ کا بڑا آپریشن شروع کیا ہوا ہے ۔
اسی دوران علی سد پارا سے محبت کرنے والے بھی سوشل میڈیا پر ان کی بخیر و عافیت واپسی کے لیے دعائیں کررہے ہیں ۔ جبکہ پاکستان کے معروف ترین گلوکار ابرار الحق نے علی سد پارا کے خواب کو پورا کرنے کا اعلان کرکے ان کے چاہنے والوں کے دل جیت لیے ہیں۔
معروف گلوکار ابرار الحق نے سوشل میڈیا کے ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ علی سدپارا ہمارے ہیرو ہیں ، انہوں نے لکھا کہ " میں نے ابھی یہ خبر سنی ہے کہ محمد علی سدپارہ اپنے مشن کے بعد اپنے گاؤں میں ایک اسکول بنانا چاہتے تھے لہذا ہم نے ان کا خواب پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انشاء اللہ ان کی یاد میں ہمارے ہیرو کے گاؤں میں ایک اسکول بنایا جائے گا"۔