خوشخبری: برطانیہ کا پاکستان کو ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین فراہم کرنے کا فیصلہ

07:37 AM, 15 Feb, 2021

اسلام آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین کی خوراکیں دینے کا فیصلہ کیا ہے جنھیں جلد ہی پہنچا دجا جائے گا۔

اس بات کا اعلان میں پاکستان میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کے انسداد کیلئے پاکستان کو ویکسین دینے کا عمل جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ آسٹرازنیکا ویکسین کی تمام خوراکیں رواں سال اپریل سے قبل پاکستان کو فراہم کر دی جائیں گی۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کا پلان ہے کہ وہ پاکستان کے 80 لاکھ شہریوں کو عالمی وبا سے محفوظ بنائے، اس سلسلے میں جون 2021ء تک ویکیسن کی 10 ملین خوراکیں یہاں پہنچانے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

ذہن میں رہے پاکستان کا دیرینہ دوست وہ پہلا ملک ہے جس نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، چین کی جانب سے پاکستان کو جذبہ خیر سگالی کے تحت عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین پہنچا دی گئی تھی، جسے طبی عملے کو لگانے کا عمل جاری ہے۔

عالمی سطح پر وبا کی صورتحال پر بات کی جائے تو اس وقت دنیا بھر میں 24 لاکھ 10 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ 10 کروڑ 93 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 8 کروڑ 14 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

جنوبی افریقہ میں عالمی وبا سے مزید 78، میکسیکو میں 1214، جرمنی میں 151، ترکی میں 94، اٹلی میں 221، فرانس میں 167، برطانیہ میں 258، روس میں 430، برازیل میں 647، بھارت میں 91 اور امریکا میں 1074 اموات ہو چکی ہیں۔

مزیدخبریں