سینیٹ انتخابات: گرفتار اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ

Senate elections: Decision to issue production order to arrested Parliament Members
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سینیٹ الیکشن کے پیش نظر تمام گرفتار اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کو اس سلسلے میں درخواست کی گئی تھی جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ سینیٹ الیکشن کیلئے اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

اس درخواست پر غور کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے اب ایسے تمام اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو مختلف انکوائریز اور مقدمات کا سامنا کرتے ہوئے نیب کے زیر حراست ہیں۔

ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کو اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ کاسٹ کرنا ہر رکن اسمبلی کا بنیادی حق ہے جس سے اسے محروم نہیں رکھا جا سکتا، اس لئے تمام زیر حراست اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونا ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام زیر حراست اراکین کو آئندہ ماہ 3 تاریخ کو قومی اسمبلی پہنچا دیا جائے گا تاکہ وہ سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ دے سکیں۔

خیال رہے کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف، لیگی رہنما خواجہ محمد آصف، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر بھی اس وقت زیر حراست ہیں۔

سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے جو آج جاری رہے گا۔ حکمران جماعت تحریک انصاف اور تمام سرکردہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے امیدوار میدان میں اتار دیئے ہیں۔

تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جیت کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پہلی مرتبہ سینیٹ الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت بن سکتی ہے۔ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے ہونے چاہیں تاہم اپوزیشن جماعتیں اس کے حق میں نہیں ہیں، ان کا موقف ہے کہ ووٹنگ کا طریقہ کار خفیہ رائے شماری سے ہونا چاہیے۔