مولانا فضل الرحمان اب دھرنے کیلئے آئے تو دھر لیے جائیں گے، شیخ رشید

02:27 PM, 15 Feb, 2020

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 لگانے کا حامی نہیں لیکن اب وہ دھرنے کیلئے آئے تو دھر لیے جائیں گے۔ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور عمران خان اپنے 5 سال مکمل کریں گے۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ جیب میں ہیں، دونوں میں کوئی بھی حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلائے گا۔ مارچ میں کچھ لوگ اسلام آباد آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں وہ سہولت نہیں ملے گی جو پہلے ملتی رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد آئے تو دھر لئے جائیں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہماری سب سے بڑی دشمن ہے اور آئی ایم ایف کی بجلی کی قیمت بڑھانے کی بات نہیں مانی جائے گی، جب طاقتور طبقہ غریب کے خلاف اکٹھے ہو جاتے ہیں تو مافیا بن جاتاہے، جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام چینی آٹے بحران میں نہیں ہے جبکہ عمران خان کی حکومت میں کوئی فارغ نہیں ہو رہا۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 لگانے کا حامی نہیں، ان کی اب وہ عمر نہیں کہ ان پر آرٹیکل 6 لگے، بلاول بھٹو زرداری کے ابھی کھیلنے اور اٹھکیلیوں کے دن ہیں،بلاول سے دل لگی ہے، میں نہیں چاہوں گا کہ وہ جیل جائے، آصفہ بھٹو بہتر انتخاب ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ چوہدری نثار کی لندن میں نواز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، نواز شریف آ نہیں رہے اور مریم نواز کہیں نہیں جارہیں، شہباز شریف مارچ کے آخری ہفتے میں واپس آئیں گے، وہ میری پارٹی کے ہیں، وہ آئیں گے تو گڈی گڈی کھیلیں گے۔

کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ کے سی آر کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، کراچی میں تجاوزات کا خاتمہ سب کا کام ہے۔ ریلوے کی زمینوں سے قبضہ ختم کرانے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

مزیدخبریں