اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کل پاکستان پہنچیں گے

11:28 AM, 15 Feb, 2020

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کل پاکستان پہنچیں گے اور 19 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس اسلام آباد میں ہونے والی افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور جنرل کانفرنس سے کلیدی خطاب کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ وہ  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اراکین پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ انتونیو گوتریس کو  دورہ پاکستان کےدوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

 

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی افغان مہاجرین سے متعلق کانفرنس میں شرکت پاکستان کی افغان مہاجرین کی فراخدلانہ میزبانی کا اعتراف ہے۔

خیال رہے کہ  پاکستان میں افغان مہاجرین کے 40 سال مکمل ہونے پر 2 روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

یہ کانفرنس اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے اشتراک سے 17 اور 18 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

کانفرنس میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت 20 ممالک کے وزراء اور سفیروں سمیت اقوام متحدہ کےحکام  شریک ہوں گے۔

مزیدخبریں