راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت نے ماڈل ایان علی کے تمام اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کی سربراہی میں ہوئی۔ سماعت کے دوران ماڈل کے خلاف سماعت طویل عرصہ تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جوعدالت نے مسترد کر دی۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ قانونی کارروائی نہیں روکی جا سکتی۔ ملزمہ دبئی سے عمان چلی جاتی ہے پاکستان نہیں آتی۔
عدالت نے ملزمہ کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ تاریخ پر ملزمہ پیش نہ ہوئیں تو قانون کے مطابق اشتہاری قرار دیا جائے گا۔
عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضامنوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا جب کہ ایان علی کے تمام اثاثے ضبط کرنے کے لیے تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ ایان علی کے خلاف سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ ایان علی عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئیں اور پھر کم و بیش دو برسوں سے واپس نہیں لوٹیں۔