ضمیر اور ووٹ کے تقدس جیسے الفاظ نواز شریف کے منہ میں نہیں جچتے: ڈاکٹر طاہرالقادری

11:50 PM, 15 Feb, 2018

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ضمیر،  اصول،  جمہوریت  اور  ووٹ کے تقدس جیسے  الفاظ  نواز شریف کے منہ میں نہیں جچتے،  نااہل  کو  کسی نے غلط مشورہ  دیا  کہ عدلیہ کے خلاف مہم چلانے سے نااہلی ختم  اور   کرپشن کیسز   پر فیصلے رک جائیں گے، نواز شریف کو لوٹ مار اور سانحہ ماڈل ٹاون کی قتل و غارت گری کا حساب دینا ہو گا۔  ملک میں قانون اور انصاف کی حکمرانی کیلئے قاتل اور کرپٹ اشرافیہ کو  کڑی سزائیں نہ دی گئیں تو پھر ملک کا اللہ حافظ ہے ۔

وہ پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے عدلیہ اور معزز ججز کے بارے میں نواز شریف کی حد سے متجاوز ہرزہ سرائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عدلیہ کے ادارے کو  بدنام کر کے اپنی لوٹ مار، کرپشن اور عیاشیوں پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں، 1996 ء میں وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر سپریم کورٹ پر حملہ کروانے والے اس مافیا کی بروقت پکڑ ہو جاتی تو آج آئین، قانون پسند محب وطن حلقوں کو یہ سب کچھ برداشت نہ کرنا پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی بات کرنے والے نواز شریف بتائیں چھانگا مانگا کے جنگلوں میں کس ووٹ کے تقدس کی مہم چلتی رہی اورتین وزرائے اعظم اور دو صدر کے خلاف سازشوں کا آلہ کار بننا کون سی جمہوری روایات تھیں؟  انہوں نے کہا کہ نواز شریف سانحہ ماڈل ٹائون کے بھی منصوبہ ساز ہیں، وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر ماڈل ٹائون لاہور میں قتل و غارت گری کا منصوبہ بنایا گیا جسے شہباز شریف اور ان کے غلام بیوروکریٹس اور پنجاب پولیس نے پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ اس کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹائون کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں جس دن یہ تفتیش ہو گئی نواز شریف ،شہباز شریف اور حواری بے گناہوں کے قتل عام میں پکڑے جائینگے کیونکہ ان کے بغیر اتنی بڑی واردات کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ کو گائوں کی پنچائیت اور فوج کو پنجاب پولیس بنانے کے دیرینہ خواب کی تعبیر کیلئے مارے مارے پھررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے ادارے پر حملے کی نیوز لیکس سکینڈل کی رپورٹ پبلک کیوں نہیں ہو رہی؟ختم نبوت کے قانون پر حملہ کی رپورٹ کس نے روک رکھی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہم ملکی اداروں اور ذمہ دار عہدیداروں کو خبردار کررہے ہیں کہ نواز شریف ایک بار پھر عدلیہ پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ان پر سخت ہاتھ نہ ڈالا گیا تو بہت بربادی ہو گی۔ نواز شریف اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے غیر ملکی آقائوں کے اشاروں پر قومی اداروں کے خلاف مہم جوئی کررہے ہیں۔

مزیدخبریں