مشرف سے حلف لینے والے کیا ہمیں اخلاقیات کا درس دیں گے، نواز شریف

01:51 PM, 15 Feb, 2018

اسلام آباد: احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا یہ لوگ ٹیڑھی بنیاد پر 10 منزلہ عمارت تعمیر کرنا چاہتے ہیں اور اب یہ مجھے پارٹی صدارت سے ہٹانا چاہتے ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ایسے فیصلوں کو نہیں مانتا کیونکہ دل اور نیت صاف ہو تو اللہ تعالیٰ ساتھ دیتا ہے جبکہ میں کسی کرپشن میں ملوث نہیں ہوں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا عزت نفس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ عمران خان اور چیف جسٹس کی زبان میں کیا فرق رہ جاتا ہے کیونکہ ہمارے خلاف ایسے الفاظ استعمال ہوتے ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا ہم صبر ، ضبط اور برداشت کرتے ہیں ان کے الفاظ ان کے اپنے منصب کی توہین ہے۔ مشرف سے حلف لینے والے کیا ہمیں اخلاقیات کا درس دیں گے؟۔

یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف آج 19ویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں