اسلام آباد: ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے داخلی و خارجی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور ریاستی قوت استعمال کرنے اور ان کا جسمانی و نظریاتی وجود کچلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نیکٹا اور انٹیلی جنس بیورو کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی.اجلاس میں لاہور، کوئٹہ، مہمند ایجنسی اور پشاور میں دھماکوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس کے شرکا نے ملک میں دہشت گردی اورانتہا پسندی کےمکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا جب کہ دہشت گردوں اور ان کے نظریات کو کچل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت میں اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت سر اٹھانے نہیں دیں گے اور انہیں دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف فورسزاورعوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف فورسز کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔