پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلا نیشل انکیوبیشن سینٹر قائم کیا ہے، انوشہ رحمن

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلا نیشل انکیوبیشن سینٹر قائم کیا ہے، انوشہ رحمن

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہاہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلا نیشل انکیوبیشن سینٹر قائم کیا ہے،اسی طرز پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں چار مزید انکیوبیشن سینٹر قائم کریں گے جبکہ پاکستان میں پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کا منصوبہ عملی شکل اختیار کرنے جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی بہترین خدمات کو سراہنے کے لیے اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کی مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے آی ٹی و ٹیلی کام مسز انوشہ رحمان تھیں۔اس تقریب میں چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی سینیٹرشاہی سید،سینٹر تاج حیدر،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سنیئر قیادت اور پرائیویٹ سیکٹر ،انڈسٹری سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ایم ڈی این ٹی سی بریگیڈیئر(ر)وقار رشید نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہاکہ وزیر مملکت انوشہ رحمان کی قیادت میں این ٹی سی نے بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی نے اپنا نیٹ ورک 54 اضلاع سے 87 اضلاع تک پھیلا دیا ہے۔فکسڈ ٹیلی فون لائینوں کی شرع میں 36 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔این ٹی سی نے پہلی دفعہ پوائینٹ ٹو پوائنٹ اور مشین ٹو مشین ٹیکنالوجی متعارف کروائی۔انوشہ رحمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کے وعن "ڈیجیٹل پاکستان"کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پر عزم ہے۔اس مقصد کے تحت ہم نے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں فائبر آپٹک کا جال بچھا دیا ہے یونیورسل سروسز فنڈ کے تحت اربوں روپے مالیت کے منصوبے تکمیل پا رہے ہیں۔عنقریب ہم کوہستان لاٹ کی منظوری دینے جا رہے ہیں واشو ، ڈیرہ بگٹی اور فاٹا کو بھی جلد مربوط کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلا نیشل انکیوبیشن سینٹر قائم کیا ہے جس نے نوجوان آئی ٹی ماہرین کی عملی تربیت کا آغاز کردیا ہے ۔ہم اسی طرز پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں چار مزید انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے جا رہے ہیں ۔علاوہ ازیں آئی او ٹی، روبوٹکس اور فن ٹیک کے شعبہ جات کے لئے الگ سے انکیوبیشن سینٹر قائم کیئے جا رہے ہیں۔انوشہ رحمان نے کہا کہ پاکستان میں پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کا منصوبہ عملی شکل اختیار کرنے جا رہا ہے۔اس میں لون ایگریمنٹ پر دستخط کے لیئے کورین ایگزم بنک نائب صدر،اگلے ہفتے پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔

وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ ہم بچیوں کی تکنیکی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اس مقصد کے لئے ہم نے "آئی سی فار گرلز" کا خصوصی منصوبہ شروع کر رکھا ہے جس کے تحت غریب اور نادار بچیوں کو کوڈنگ اور کمپیوٹنگ کی خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ گھر بیٹھے باعزت روزگار کما سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسی سال جون کے آخر تک ہم اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں قائم 107 گرلز اسکولوں کو جدید کمپیوٹر لیبارٹریوں سے آراستہ کر دیں گیتاکہ بچیاں 4 سال کی عمر سے ہی کمپیوٹر کی جدید تعلیم سے بہرہ ور ہوسکیں۔آخر میں وزیر مملکت انوشہ رحمان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں انعامات تقسیم کیے۔