کراچی: خوبرو اداکارہ سائرہ شہروز کی فلم ”چلے تھے ساتھ“ کی ریلیز کا اعلان کردیا گیا جو 21 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فلم ’’چلے تھے ساتھ‘‘ کی دیگرکاسٹ میں ژالے سرحدی، منشا پاشا، اسامہ طاہر، فارس خالد، شمیم ہلالی، شیرباز کلیم اور بین الاقوامی اداکار وفلم ساز کینٹ ایس لیونگ شامل ہیں۔ اس فلم کی ہدایات عمر عادل نے دی ہیں اور فلم کے پروڈیوسرز بینش عمر اور ایگزیکٹو پروڈیوسر شیخ شیراز مبشر ہیں۔
ہدایت کارعمر عادل نے بتایا کہ یہ نہ صرف رومانوی مزاح فلم ہے بلکہ اس میں ڈرامہ بھی ہے، فلم میں زندگی کے تمام پہلوﺅں کو اجاگر کیا ہے، ہم نے فلم کو حقیقت سے قریب رکھنے کی کوشش کی ہے،.
فلم بینوں کو اس میں رشتوں کی مٹھاس اور کڑواہٹ دونوں کا عکس نظر آئے گا۔ فلم کی ریلیز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان سوچ سمجھ کر کیا ہے، ہماری فلم میں شمالی علاقہ جات کے خوبصورت مناظر فلم کی کہانی کا حصہ ہیں اور بہار وہاں کا خاص موسم ہوتا ہے کیونکہ اس موسم میں وہاں کی خوبصورتی بے حد نکھری ہوتی ہے، فلم نہ صرف تفریح کا سامان سمیٹے ہوئے بلکہ یہ فلم یقیناً لوگوں کو حسین سفر کے لیے بھی چاہت پیدا کرے گی۔