پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے عالمی اور مقامی تعاون کی ضرورت: وزیراعظم

پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے عالمی اور مقامی تعاون کی ضرورت: وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر جنگ جیتیں گے۔

 انہوں نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور سعودی عرب کے پولیو کے خلاف تعاون کو سراہا اور سعودی ولی عہد کے کردار کو قابل قدر قرار دیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 60 پولیو کیسز سامنے آنا تشویش کا باعث ہے، لیکن بھرپور عزم کے ساتھ پولیو کو ملک کی سرحدوں سے باہر نکال کر دم لیں گے۔

والدین سے اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ بن سکے۔

 انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ ملک بھر میں جرات اور بہادری کے ساتھ محنت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی چیلنجز والے علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو بھی قابل تعریف قرار دیا اور کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے۔