لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق حکومتی عہدے دار صدیق الفاروق کا انتقال ہوگیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، صدیق الفاروق گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور طویل علالت کے بعد وہ انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
صدیق الفاروق نے اپنی سیاسی زندگی میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پریس سیکرٹری، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کر چکے تھے۔ اس کے علاوہ، وہ طویل عرصے تک صحافت سے بھی وابستہ رہے، اور سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔ مریم نواز نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔ پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی و سماجی حلقوں نے بھی صدیق الفاروق کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔