لاہور : لاہور میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو سرد موسم کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کے امکانات صرف 10 فیصد ہیں، تاہم ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
لاہور آلودگی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا ہے، جہاں سموگ کی اوسط شرح 261 ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ آلودگی شہر کے ماحول پر اثرانداز ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ خشک سردی اور آلودگی کے باعث نزلہ، زکام اور بخار جیسے موسمی امراض کے کیسز میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو مزید احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔