اسلام آباد:سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کو آر او ، ڈی آ ر او سے متعلق درخواست پر مزید کاررائی سے روک دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا آر او ، ڈی آ ر او سے متعلق فیصلہ معطل کردیا ہے۔سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آج ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آئینی ذمہ ذاریاں ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ میں فوری سماعت شروع ہوئی ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیاگیا تھا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے کیس کی فوری سماعت شروع کردی ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمے کی فوری سماعت کریں اور لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا جائے۔
الیکشن کمیشن کی اپیل دائر ہونے کے بعد کمرہ نمبر ایک میں تین ججز کی کرسیاں لگادی گئی ہیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ بھی بینچ کا حصہ ہیں۔اٹارنی جنرل کمرہ عدالت میں پہنچ چکے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر بیوروکریسی سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز) لینے سے روک دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے حکم پر ریٹرننگ افسران کی تربیت روک دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سینئر ججوں سے الیکشن کے معاملے پر مشاورت کی اور کہا کہ 8 فروری کو الیکشن کا حکم پتھر پر لکیر ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات ہوئی، جس میں جسٹس سردار طارق، جسٹس اعجازالاحسن اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے۔