کراچی: نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماخود تسلیم کر رہے کہ ہمارے خلاف الیکشن میں تاخیر متعلق تاثر درست ہے۔ پی ٹی آئی لیڈر چاہتے ہیں میں نہیں تو انتخابات بھی نہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر بیان دیتے ہوئے کہا تحریک انصاف کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے الیکشن میں تاخیر کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، فیصلے کے باعث الیکشن کمیشن میں جاری ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی ریٹرننگ افسران کی تربیت بھی معطل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما خود تسلیم کر رہے کہ ہمارے خلاف الیکشن میں تاخیر متعلق تاثر درست ہے۔ تحریک انصاف کے دوہرے معیار کی وجہ سے متوقع الیکشن شیڈول اور انتخابی عمل تاخیر کا شکار ہو گیا تو ذمہ دار کون ہوگا؟ تحریک انصاف نے ایک بار پھر انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی غیر جمہوری اور اور غیر سیاسی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ پی ٹی آئی لیڈر چاہتے ہیں میں نہیں تو انتخابات بھی نہیں، واضع طور پر تحریک انصاف نہیں چاہتی کہ ملک میں انتخابات ہوں جبکہ پیپلز پارٹی الیکشن کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
شیری رحمان نے مزید کہا چیرمین بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں الیکشن مہم چلا رہے ہیں۔ ہمیں امید کے عدلیہ اس معاملے کو جلد از جلد سلجھائے گی اور الیکشن کمیشن مقرر وقت پر انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا۔