پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا
سورس: file

پرتھ: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بولر عامر جمال نے آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو پر 6 وکٹیں حاصل کرلیں۔


عامر جمال ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے 14 ویں پاکستانی بن گئے۔ اس سے قبل پاکستان کے عارف بٹ، محمد نذیر، شاہد نذیر، محمد زاہد اور شاہد آفریدی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔


 


 
 محمد سمیع، شبیر احمد، یاسر عرفات، وہاب ریاض، تنویر احمد، بلال آصف، نعمان علی اور ابرار احمد نے بھی پہلے میچ میں یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

عامر جمال سے قبل عارف بٹ نے 1964 میں ملبورن میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔


عامر جمال نے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز پر 487 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں اب پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان نے 6اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 13رنز بنا لیے ہیں۔ 

آسٹریلیا کی اننگز

 ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا اختتام آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 346 رنز کے ساتھ کیا تھا۔ پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور عثمان خواجہ کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے تاہم خواجہ 41 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔  اوپنر ڈیوڈ وارنر 164 رنز کی اننگز کھیل کر عامر جمال کا شکار بنے۔ 

کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا کو چھٹا نقصان 411 رنز پر ایلکس کیری کی صورت میں ہوا جنہیں عامر جمال نے بولڈ کیا جبکہ مچل اسٹارک بھی 9 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

 
 کھانے کے وقفے کے فوری بعد مچل مارش کو  خرم شہزاد نے بولڈ کیا جبکہ 481 کے مجموعے پر عامر جمال نے پیٹ کمنز کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا اور ڈیبیو ٹیسٹ پر 6 وکٹیں لینے والے 14 ویں بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔


پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مصنف کے بارے میں