ملک کے متعدد اضلاع میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

08:21 AM, 15 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے (15 دسمبر) مغربی ہواؤں کا ملک بھر پر اثر انداز ہونا کا امکان ہے۔  کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چاغی، تربت، پنجگور، نوکنڈی، دالبندین، ژوب، کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبداللّٰہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ، مستونگ اور قلات سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں مطلع کہیں جزوی اور کہیں مکمل ابر آلود رہا۔  کوئٹہ میں صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اور قلات میں منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بارش اور برف باری کے بعد کوئٹہ اور صوبے کے شمالی علاقوں میں ہفتہ سے منگل تک سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل (16 دسمبر)سے 18 دسمبر کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان  ہے۔

دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں دھند برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دھند کے باعث مختلف علاقوں میں موٹروے بند کر دی گئی ۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا تیسرا اور کراچی کا پانچواں نمبر ہے۔

مزیدخبریں