لاہور: لندن کی بین الاقوامی ثالثی عدالت نے سوئی ناردرن پر 19 ارب روپے ہرجانہ عائد کر دیا۔
لندن کی عدالت نے پاکستانی کمپنی سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) پر 19 ارب روپے ہرجانہ عائد کردیا۔ سوئی ناردرن کے خلاف یہ کیس نیشنل پارکس منیجمنٹ کمپنی نے دائر کیا تھا، یہ کمپنی حویلی بہادر شاہ جھنگ اور بلوکی میں 1200 میگاواٹ کے دو گیس پاور پلانٹ چلاتی ہے۔
سوئی ناردرن نے 2018 میں دونوں پاور پلانٹس کو 10 ارب روپے کی انوائس بھجوائی تھی۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوا تو فیصلہ سوئی ناردرن کے حق میں آیا۔
اس پر نیشنل پارکس منیجمنٹ کمپنی نے لندن میں بین الاقوامی ثالثی عدالت سے رجوع کر لیا جہاں عدالت نے پاکستان پر ایک اور ہرجانہ عائد کیا۔ سوئی ناردرن کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ معاملہ اوگرا کے سامنے اٹھایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) لندن کی بین الاقوامی مصالحتی عدالت میں املاک ریکور کرنے والی فرم 'براڈ شیٹ' کے خلاف مقدمہ ہار گیا تھا، جس کے نتیجے میں اب نیب کو کئی ارب روپے ادا کرنے پڑے۔