لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر بھی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز میں خالی سٹیڈیم دیکھ کر خاموش نہ رہ سکے جن کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر سٹیڈیم دیکھنا اچھا نظارہ نہیں ہے۔
سابق سپیڈ سٹار نے لاہور میں سموگ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تو ایک صارف نے سوال کیا کہ لاہور میں میچز کیسے ہوں گے؟ جس کے جواب میں شعیب اختر نے لکھا کہ جہاں میچز ہورہے ہیں، وہاں تو دیکھنے جاؤ، خالی سٹیڈیم کبھی ایک خوشگوار نظارہ نہیں رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق کرکٹر وسیم اکرم نے بھی کراچی والوں کی پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز میں عدم دلچسپی پر افسردگی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد شاہد خان آفریدی بھی اس معاملے پر مایوس نظر آئے جن کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں سے بھلا کتنے پیسے کمائے جا سکتے ہیں؟
یاد رہے کہ پاکستان ویسٹ انڈیز ٹی 20 انٹر نیشنل سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت میں بھی تیزی دکھائی نہیں دی جبکہ میچ کیلئے 100 فیصد تماشائیوں کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت ہے اور شائقین کرکٹ کا خیال ہے کہ بہت سے لوگ آن لائن ٹکٹ خریدنے کے طریقہ کار سے نابلد تھے اور سٹیڈیم کے باہر رقم لئے پھر رہے تھے۔
اس کے علاوہ یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ کورونا وائرس کی ویکسی نیشن سے متعلق سٹیڈیم انتظامیہ نے سخت رویہ اختیار کیا اور میچ دیکھنے کیلئے آنے والے ایسے شائقین کرکٹ کو باہر سے ہی واپس بھیج دیا گیا جن کی ویکسی نیشن مکمل نہیں ہوئی تھی جس کے باعث بہت سے شائقین کرکٹ سٹیڈیم کے اندر جا ہی نہ سکے۔