منشیات کیس میں آریان خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

منشیات کیس میں آریان خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
کیپشن: منشیات کیس میں آریان خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
سورس: فائل فوٹو

ممبئی: شاہ رخ خان کے بیٹے اور منشیات کیس کے ملزم آریان خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔

اکتوبر میں منشیات کیس میں گرفتار اور پھر رہا ہونے والے آریان خان کو بومبے ہائی کورٹ نے اس شرط پر ضمانت دی تھی کہ انہیں ہر جمعے کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ممبئی آفس میں حاضری لگانی پڑے گی تاہم اب عدالت نے ضمانت کی یہ شرط ختم کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ آج بومبے ہائی کورٹ سے آیا ہے اور عدالت نے کہا ہے کہ جب بھی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم آریان خان کو طلب کرے گی انہیں بذات خود دہلی آکر پیش ہونا ہوگا۔

یاد رہے کہ 23  سالہ آریان خان نے ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی 14 شرائط میں سے ایک میں ترمیم کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ آریان خان نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ہر جمعے کو این سی بی کے دفتر کے دورے کے دوران ان پر میڈیا کی جانب سے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی درخواست میں دلیل دیتے ہوئے کہا تھا چونکہ اس کیس کی تحقیقات دہلی میں خصوصی تفتیشی ٹیم کے پاس منتقل ہو گئی ہیں لہذا ان کے ہر جمعے کو این سی بی کے ممبئی آفس جانے کے فیصلے میں نرمی کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ آریان خان کو 3 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر موجود ایک جہاز سے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم ان کے خلاف ناکافی ثبوتوں کی بنا پر انہیں 28 اکتوبر کو بومبے ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔